بنگلورو:26/دسمبر(ایس او نیوز) سینئر کانگریس لیڈر ملیکارجن کھرگے نے کہاکہ وزیر اعظم مودی کی طرف سے کی گئی یکطرفہ نوٹ بندی کی وجہ سے ملک کا معاشی نظام تباہ ہوچکا ہے۔ نوٹ بندی کی وجہ سے عام آدمی آج بینکوں کی قطاروں میں فٹ پاتھ پر آچکا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب لوگوں کو بینکوں میں جمع اپنے ہی پیسوں کیلئے بھیک مانگنی پڑے گی۔آج شہر کے چتراکلا پریشد میں نوٹ بندی کے مضر اثرات کے متعلق تصاویر کی ایک نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کھرگے نے کہاکہ کالے دھن پر قابو پانے کے مقصد سے جو نوٹ بندی لاگو کی گئی وہ پوری طرح ناکام ہوچکی ہے، بہت جلد اس کا خمیازہ بی جے پی کو بھگتنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ شروع میں لوگوں نے نوٹ بندی کا خیر مقدم ضرور کیا، سیاسی پارٹیوں نے بھی اس کی شدت سے مخالفت نہیں کی، لیکن گزرتے وقت کے ساتھ اس کے مضر نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ خاص طور پر ملک کا غریب طبقہ اس نوٹ بندی سے بہت بری طرح سے متاثر ہورہا ہے۔ رعیت، مزدور، چھوٹے موٹے تاجر اور غریبوں کی حالت ناقابل بیان ہے۔ تکلیف تو دراصل امیروں کو ہونی چاہئے تھی، لیکن مرکزی حکومت نے نوٹ بندی کے ذریعہ امیروں کی راہ آسان کردی۔ نوٹ بندی کے اس غلط فیصلے سے عوام کو جو پریشانی ہورہی ہے اس کی بنیاد پر کانگریس ملک بھر میں تحریک چلائے گی۔ کل دہلی میں مرکزی لیڈروں کی میٹنگ میں اس تحریک کے خطوط کو وضع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمان میں بھی بی جے پی کی ہٹ دھرمی کے سبب نوٹ بندی پر کوئی بحث نہیں ہوپائی۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں نوٹ بندی کی ناکامی کی پوری ذمہ داری وزیراعظم مودی کو لینی ہوگی۔ مسٹر کھرگے نے کہاکہ وزیراعظم مودی کا یہ دعویٰ جھوٹا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں بلانقد معاشی نظام رائج ہے۔دنیا کے کسی بھی ملک میں ایسا نظام نہیں ہے۔125کروڑ کی آبادی والے ملک میں صرف تین کروڑ افراد کے پاس کریڈٹ یا ڈیٹ کارڈ ہیں۔ محض ان لوگوں پر مشتمل بلانقد معاشی نظام کہاں سے لاگو کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ نوٹ بندی کے غیر دانشمندانہ فیصلہ سے مودی نے پورے ملک کو مشکل میں ڈال دیاہے، لیکن سرمایہ دار طبقے کو کافی آسانیاں مہیا کرائی گئی ہیں۔ اسی طرح موبائلوں کے ذریعہ ادائیگی کو فروغ دینے والی کمپنی کو اس نوٹ بندی کا فائدہ ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے کچھ لوگ بھلے ہی نوٹ بندی کی تائید کرتے ہوں گے،لیکن وہ بھی جانتے ہیں کہ عوام میں صورتحال کیا ہے، اسی لئے بیشتر بی جے پی قائدین اس مسئلہ پر بیان بازی سے گریز کررہے ہیں۔